لندن : پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے دو سال بعد رنگ میں اترنے کے لئے تیاریاں تیز کردیں، اکیس اپریل کو کینیڈین باکسر سے مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کنگ آف رنگ عامر خان مکے برسانے کے لئےتیار ہے اور اس بار کینیڈین باکسر فل لوگریکو ان کے شکار ہوں گے، عامر خان نے اپنے نئے ٹرینر کے ساتھ مقابلے کیلئے بھرپور تیاری شروع کردیں۔
اکیس اپریل کو لیور پول کے ایکو آرینا میں شائقین ہوم گراؤنڈ پر کنگ خان کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے بے تاب ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ ذاتی حملوں کا جواب وہ کینیڈین حریف کو رنگ میں دیں گے، نئے کوچ مجھے ٹریک پر لانے کے لئے بھرپور مدد کر رہے ہیں اور امید ہے کہ بہتر کھیل پیش کروں۔
یاد رہے کہ دونوں باکسرزمیں فائٹ سے پہلے جھڑپ ہوچکی ہے، عالمی شہریت یافتہ باکسرز نئی فائٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے بیٹھے تو اسی دوران لوگریکو نے عامر خان کی اہلیہ اور اُن کی نجی زندگی کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کیے۔
مزید پڑھیں : اہلیہ کو برا کہنے پر باکسر عامر خان اشتعال میں آگئے
جس پر عامر خان پہلے تو مسکراتے رہے اور پھر جب غصہ برداشت سے باہر ہوا تو نیوز کانفرنس میں حریف باکسر پر پانی بھی پھینک دیا اور مکے برسانے شروع کردیے تھے تاہم اسی دوران کچھ لوگوں نے بیچ بچاؤ کروا کے معاملہ رفع دفع کروایا تھا۔
عامر خان مئی 2016 میں آخری مرتبہ میکسیکو کے باکسر کنیلو الویراز کے مدمقابل آئے تھے اور اس مقابلے میں انہیں شکست ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ باکسر عامر خان کہ کیرئیر کی یہ چھتیسویں فائٹ ہوگی، اب تک وہ اکتیس بار فائٹ اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس عامر خان اور فریال مخدوم کے درمیان تعلقات میں اس قدر کشیدگی آگئی تھی کہ دونوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا تھا مگر برطانیہ واپسی پر باکسر نے ایک بار پھر اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ساتھ زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔