وفاقی وزیر امیر مقام نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی، فریقین کی سنجیدگی اور مطالبات کی نوعیت پر منحصر کر دی۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کو سول نافرمانی اور بیرونی دنیا میں لابنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ماضی میں بھی سول نافرمانی کی تحریک چلائی تھی، سول نافرمانی سے کچھ نہیں ہوگا ماضی کی طرح اس دفعہ بھی پہیہ چلتا رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے اپنی ذات سے نکل ہی نہیں رہے ہیں، تحریک انصاف کی آخری کال بھی عوام نے دیکھی جو مس کال ثابت ہوئی، بیرونی دنیا میں بھی لابنگ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہلے دن سے مذاکرات کی خواہش تھی اب تحریک انصاف کی ہے، 2018 میں شہبازشریف نے مذاکرات کی دعوت دی تھی ان لوگوں نے مسترد کی ہم ان سے بار بار مذاکرات کی بات کرتے تھے پی ٹی آئی کی کسی اور کیساتھ مذاکرات کی خواہش تھی۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ مذاکرات ان شرائط پر ہونے چاہئیں جن پر بات ہو سکتی ہو اور حکومت کی ڈومین میں ہوں، حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو ملک کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، کچھ چیزیں ہمارے اختیار میں ہیں نہ کسی اور کے اس کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے وہاں سے جو فیصلہ ہوگا سب کو قبول ہوگا، تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے پاس کتنا اختیار ہے سب کو پتہ ہے، ہماری کمیٹی با اختیار ہے جس میں تمام اتحادیوں کی نمائندگی ہے۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار مطالبات اور فریقین کی سنجیدگی پر ہے، 9 مئی کے حوالے جو مطالبہ کیا جا رہا ہے وہ کسی کے اختیار میں نہیں ہے، ملٹری کورٹ سے سزائیں آئین اور قانون کے مطابق دی گئی ہیں، ملٹری کورٹ سے سزائیں پیغام بھی ہے کوئی یہ نہ سمجھے اس کو سزا نہیں ملے گی، جو کوئی بھی ملک کے خلاف کام کریگا اس کو ضرور سزا ملے گی۔