کوئٹہ : کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ کھیل ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے ایک نہایت ضروری امر ہے اسی لیے بلوچستان میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کھیل و ثقافت کے حوالے سے منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ قوموں کی ذہنی نشوونما،ان کی اخلاقی تربیت اور صحت کاخیال رکھنا بہت ضروری ہے،کھیل کوئی بھی ہو وہ ذہنی نشونما کے لئے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض کا کہناتھا کہ اسی وجہ سے بلوچستان میں کھیلوں کو بہت اہمیت دی ہے اور ان کو فروغ دینے کیلئےہر ضروری اقدامات کئے ہیں تا کہ بلوچستان کے غیور نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رہیں اور دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے ساتھ ساتھے کھیلوں کی طرف بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے،قوموں کی عظمت اور شناخت کھیلوں سے ہی وابستہ ہے کیوں کہ کھیل صحت مند رجحان اور مثبت سرگرمی کا نام ہے۔
کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہر شعبے کی طرح کھیل میں بھی کافی ٹیلنٹ موجود ہے جسے پروموٹ کر کے ملکی سطح تک لایا جائے گا اور یوں دنیا بھر میں بلوچستان کا ٹیلنٹ متعارف کرایا جائے گا۔