بنگلور :خاتون پر تشدد کے الزام میں بھارتی کرکٹر امیت مشرا کو گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر چھوڑدیا گیا۔
بھارتی لیگ اسپنر امیت مشرا مشکل میں آگئے، گزشتہ ماہ خاتون نے امیت مشرا پر ہراساں اور تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد امیت مشرا کو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
امیت مشرا بنگلور کے پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے جہاں ان سے تین گھنٹے تک تفتیش کی گئی، تفتیش کے بعد پولیس نے بھارتی کرکٹر کو گرفتار کرلیا لیکن شخصی ضمانت پر انہیں رہا کردیا گیا، پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔
ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملازمین سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، متاثرہ خاتون نے امیت مشرا کے خلاف کیس واپس لینے سے بھی انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امیت مشرا بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں اور سات نومبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔