ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا، ہیکرز نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر امیتابھ بچن کی جگہ عمران خان کی تصویر لگادی۔
تفصیلات کے مطابق ہیکرز نے امیتابھ بچن کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرکے وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگادی اور ساتھ ہی چند پیغامات بھی ٹویٹ کیے۔
بگ بی کے اکاؤنٹ سے پاکستان اور ترکی کے پرچم والی تصویر بھی شیئر کی گئی اور ساتھ ہی پیغام بھی دیا گیا۔
ہیکرز نے اپنا تعارف ترکش سائبر آرمی کے طور پر کرایا، ترکش سائبر آرمی نامی ہیکرز نے بھارتی حکومت کی مسلم کش پالیسی پر تنقید کی۔
ہیکر نے پیغام دیا کہ بھارت میں رمضان میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے گئے، آج کے دور میں بھارت مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
ہیکرز کا کہنا تھا کہ نرم لہجے میں بات کی، بڑا سائبر حملہ کرکے دکھا دیا، ہیکرز نے آئس لینڈ میں ترک فٹبالرز سے غیر ذمہ دارانہ روئیے کی بھی مذمت کی۔
چند منٹوں بعد ہی امیتابھ کا ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کردیا گیا اور تمام ٹویٹس ڈیلیٹ کردی گئیں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن ٹویٹر پر اپنی مصروفیات سے مداحوں کو آگاہ کرتے رہتے ہیں، ٹویٹر پر بگ بی کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ 73 لاکھ سے زائد ہے۔