جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

قاتلوں کو گھرکے سامنے پھانسی دی جائے، امجد صابری کے بھائی کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : معروف قوال امجد صابری شہید کے بھائی طلحہ فرید صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے مقتول بھائی کے قاتلوں کو ہمارے گھر کے سامنے پھانسی دی جائے۔

یہ بات انہوں نے اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، طلحہ فرید صابری کا کہنا تھا کہ مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ عاصم عرف کیپری نامی شخص کون ہے، میڈیا میں سنا ہے کہ وہ ہمارا پڑوسی ہے۔

ہمارا خاندان سندھ حکومت کا مشکور ہے کہ انہوں نے امجد صابری کے قاتلوں کو پکڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس پہلے بھی پولیس نے کئی افراد کو قتل کے الزام میں پکڑا ہے اب اگر اصل ملزمان یہ ہیں تو ان کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پولیس نے اتنے خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا جو 28 افراد کے قتل میں ملوث تھے۔

طلحہ فرید صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میرا روزی روزگار بھی بھائی کے ساتھ ہی چلتا تھا لہٰذا میرے لئے بھی کچھ مالی امداد کا اعلان کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے شہر کے حالات خراب کرنے والے دو اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ملزمان کا تعلق لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ سے ہے جن کی شناخت اسحاق عرف بوبی اورعاصم عرف کیپری کے نام سے ہوئی ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ ملزمان معروف قوال امجد صابری شہید کے قتل میں بھی ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ عاصم عرف کیپری امجد صابری کا پڑوسی تھا جسے لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں