کراچی:عاصم کیپری اور ملزم بوبی نے امجد صابری کو ایک نجی ٹی وی چینل پر ادا کیے گئے جملوں اور ایک فرقے کی حمایت کرنے پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ قتل کیا جس کے لیے ملزمان نے معروف قوال کے گھر کے نزدیک رہائش اختیار کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا جس کے لیے ملزم عاصم کیپری نے امجد صابری کے گھر کے نزدیک رہائش اختیار کی تاکہ امجد صابری کی آمد و رفت کے اوقات نوٹ کرسکیں اور نقل وحمل کی کڑی نگرانی کرتے رہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے امجد صابری کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں دیئے گئے ریمارکس اور ایک خاص فرقے جس سے ان کا تعلق بھی نہیں تھا کی حمایت کے باعث قتل کرنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ ریکی شروع کی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ امجد صابری کے قتل ہونے والے دن دونوں ملزمان کچھ دیر پہلے تک لیاقت آباد میں اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی موجود تھے ،عاصم کیپری ایک کلینک کے نزدیک موٹر سائیکل پر موجود تھا جب کہ ملزم بوبی کے پاس کوئی گاڑی نہیں تھی۔
عاصم کیپری نے امجد صابری کی گاڑی کا تعاقب کر کے انڈر بائی پاس کے قرب روکا اور اُس کے ساتھی نے فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا، ملزمان نے امجد صابری کی گاڑی پر بیگ لگے نائن ایم ایم سے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی مکمل تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کی تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں جلد ہی اس کیس کے تمام ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔