پاک پتن: پنجاب پولیس نے مہندی کی تقریب میں چھاپہ مار کر دلہا کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے پاک پتن میں مہندی کی تقریب جاری تھی کہ اسی دوران پولیس نے وہاں چھاپہ مارا اور دلہا سمیت 12 باراتیوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق تقریب کی آڑ میں غیر قانونی ناچ گانا ہورہا تھا جبکہ آتشبازی، ایمپلی فائرایکٹ (لاؤڈ اسپیکر) کی خلاف ورزی بھی جاری تھی، جس پر مقامی شہری نے مددگار پر اطلاع دی۔
یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ پولیس نے دلہا سمیت 12 باراتیوں کو مقدمے میں نامزد کرکے انہیں حوالات میں بند کردیا۔ یاد رہے کہ تیز آواز میں اسپیکر پر گانے بجانا یا آتشبازی و فائرنگ کرنا غیر قانونی عمل ہے جس پر قانون حرکت میں آتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ اپریل کے مہینے میں پنجاب کے علاقے لاہور میں واقع مغلپورہ میں مہندی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ڈی ایس پی ظفر عباس کا کہنا تھا کہ پولیس افسر نے شادی کی تقریب رکوانے کے لیے فائرنگ کی، جس اہلکار نے فائرنگ کی اُس کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی۔