سابق بولنگ کوچ وقار یونس نے نیوزی لینڈ ٹیم کے اچانک دورہ پاکستان منسوخی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے آج کا دن پاکستان کرکٹ کے لیے بدقسمت ہے۔
پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخی پر بیان میں سابق باولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ حالات اچھے تھے مگر سمجھ سے باہر ہے سیکیورٹی کا مسئلہ کہاں سے آ گیا ؟
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2سال میں کورونا کا ہی ایشو رہا، سیکیورٹی کا ایشو کبھی نا تھا، پاکستان ایک پرامن جگہ ہے، یہاں کرکٹ محفوظ ہے یوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے پہلے ون ڈے کے ٹاس سے چند منٹ قبل سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر سابق کپتانوں اور ملکی و غیرملکی کھلاڑیوں نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’نیوزی لینڈ کو پاکستان کی انٹیلی جنس پر بھروسہ ہونا چاہیے تھا، کیوی ٹیم کا پاکستان آکر بھی نہ کھیلنا افسوسناک ہے۔
شعیب اختر نے لکھا کہ پاکستان میں کھیلنا نہیں تھا تو نیوزی لینڈ ٹیم کو آنا ہی نہیں چاہیے تھا، نیوزی لینڈ نے پاکستان کی کرکٹ کو قتل کردیا۔
دوسری جانب سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ٹویٹر پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’تمام یقین دہانیوں کے باوجود ایک غیرمصدقہ اطلاع پر دورہ منسوخ کردیا گیا۔
انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو اندازہ ہے اس فیصلے کا کیا اثر ہوگا؟