شوبز انڈسٹری کی اداکارہ انعم تنویر کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ مشہور اداکار اچھی اداکاری کرنا بھی جانتا ہو۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’وہ پاگل سی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ انعم تنویر نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور شوبز کیریئر سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
انعم تنویر سے پوچھا گیا کہ ’آپ ماہرہ خان اور صبا قمر کی طرح مشہور کیوں نہیں ہوئیں، کیا شہرت حاصل کرنے کے لیے بالی ووڈ میں کام کرنا ضروری ہے؟‘
انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2012 میں انڈسٹری میں قدم رکھا تاہم 2019 تک اداکاری کو سنجیدگی سے نہیں لیا تاہم جب 2019 میں اداکاری کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا تو کئی ڈرامے مقبول بھی ہوئے۔
انعم تنویر نے کہا کہ مشور اداکار اور اچھا اداکار ہونا دو مختلف باتیں ہیں، یہ ضروری نہیں کہ شہرت حاصل کرنے کے لئے بالی ووڈ میں کام کیا جائے لیکن یہ المیہ ہے کہ ہمارے یہاں ایک اسٹار کو اس وقت تک اسٹار تسلیم نہیں کیا جاتا جب تک وہ بالی ووڈ میں کام کرکے نہ آجائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے ٹیلنٹ کو پہچانیں اور فنکاروں کی عزت کریں۔
واضح رہے کہ انعم تنویر اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تیرے بنا میں نہیں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جس کی کاسٹ میں سونیا حسین، عائزہ اعوان، شہزاد شیخ شامل ہیں۔
ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض علی مسعود نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ماہا ملک نے لکھی ہے۔
انعم تنویر اس سے قبل وہ پاگل سی، بے نام‘ شہنائی، وعدہ، میرا دل میرا دشمن، دو بول اور بے دردی سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔