ایشیا کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی اور بہو رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا جشن منانے کیلیے لندن کا عالی شان 7 اسٹار ہوٹل بُک کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات لندن میں شاندار انداز میں منعقد کی جائیں گی۔ مکیش امبانی نے تقریبات کی میزبانی کیلیے ستمبر تک 7 اسٹار اسٹوک پارک ہوٹل کی بُکنگ کی ہے۔
جوڑے نے 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کی اور ان کی شاندار تقریب کیلیے 500 ملین ڈالر خرچ کیے گئے۔
اسٹوک پارک اسٹیٹ لندن کے بکنگھم شائر میں واقع ہے 7 اسٹار ہوٹل ہے جس میں مینشن، گولف کورسز اور ٹینس کورٹ بھی موجود ہے۔ مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز نے 2021 میں 57 ملین پاؤنڈ سے اس کی لیز حاصل کی تھی۔ ہوٹل کو تزئین و آرائش کیلیے بند رکھا گیا ہے۔
لیز کی شرائط کے مطابق اسٹوک پارک ہوٹل کو نجی رہائش گاہ کے بجائے تجارتی جائیداد کے طور پر استعمال کیا جانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کے جشن کی تقریب میں شہزادہ ہیری اور سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی شرکت متوقع ہے جبکہ دیگر قابلِ ذکر مہمانوں کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
امبانی خاندان کی جانب سے دو مہینوں کیلیے پورے ہوٹل کو بُک کرنے کے فیصلے سے مقامی کونسل اور کمیونٹی کے ساتھ کچھ تنازع پیدا ہوا ہے کیونکہ ہوٹل عام لوگوں کیلیے بند لیکن امبانی خاندان کے افراد کیلیے کھلا ہے۔
تقریباً 850 گولف کلب ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تقریبات کے دوران کلب میں نہ آئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دولہا، دلہن اور خاندان کے افراد ستمبر کے درمیان مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔