اسلام آباد : تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ لندن میں نواز شریف کے گھر کے باہر ہونے والا مظاہرہ قابل مذمت ہے، ن لیگ کی پوری قیادت ملک سے فرار ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بھی پارٹی چھوڑ کر لندن چلے گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز مجرم ہیں اور سپریم کورٹ نے فیصلے دیئے ہوئے ہیں اور سچ کو سچ کہنا ہو تو کڑوا تو لگتا ہی ہے۔
عندلیب عباس نے کہا کہ نواز شریف کے گھر کے باہرپیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتی ہوں، فلیٹ لوٹا ہوا ہو یا اپنا ہو کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے، لندن میں یہ مظاہرے پہلی مرتبہ نہیں ہوئے ہیں۔
تحریک انصاف کی رہنما کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہمیں جیل میں کیوں ڈالا؟ پھر شور مچ جاتاہے اور پھر واک آﺅٹ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہوپاتی۔
انہوں نے کہا کہ سخت رویے کی صرف ایک وجہ ہے کہ نیب کے وہ کیسز کھل گئے ہیں جو دس سال سے دبے ہوئے تھے تو اس وقت سب کچھ ٹھیک تھا ، نیب بھی برا نہیں تھا، اگرآج ان مقدمات کودبا لیا جائے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔