آسٹریلوی ٹیم سری لنکا دورے پر ہیڈ کوچ سے وقتی طور پر محروم ہو گئی، اینڈریو میکڈونلڈ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ سری لنکا کے دورے کے ابتدائی ہفتے سے محروم رہیں گے۔
میکڈونلڈ شیڈول کے مطابق اڑان بھرنے سے قاصر تھے، وہ اسکواڈ میں شامل ہونے سے پہلے 7 دن کے لیے آئسولیٹڈ رہیں گے، تاہم توقع ہے کہ وہ 8 جون کو دوسرے ٹی 20 سے قبل ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
اسسٹنٹ کوچ مائیکل ڈی وینوٹو دورے کے ابتدائی دنوں کے لیے اسکواڈ کی ذمہ داری سنبھالیں گے، اسپن کوچ ایس سری رام اور آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر کلنٹ میک کے بھی ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے بیک روم اسٹاف کا حصہ ہوں گے۔
میک ڈونلڈ رواں سال کے شروع میں جسٹن لینگر کی جگہ عبوری طور پر ہیڈ کوچ مقرر کیے گئے تھے، تاہم اب انھیں کل وقتی طور پر ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں، اور یہ ان کا پہلا دورہ ہوگا، جس سے قبل وہ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے اس دورے میں پاکستان کا دورہ بھی شامل ہے۔
نئے مقرر کردہ اسسٹنٹ کوچز ڈینیئل ویٹوری اور آندرے بورویک اس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران میکڈونلڈ کے ساتھ کام کریں گے۔