کراچی: شہرقائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انیس ایڈوکیٹ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہوگئے ہیں۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع کمال ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ جس طرح سے عوام کاردعمل مل رہا ہے اس کے لئے شکرگزارہوں۔
انیس ایڈوکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 مارچ کو مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے جس طرح کارکنان کے ضمیرکوجھنجھوڑا، ایسی جرات کا اظہارانتہائی مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ 19 مئی 2013 کے واقعے کے بعد سے میں ایم کیوایم سے لاتعلق ہوں، تین سال پہلے کہہ کرگیا تھا اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دی ہے‘‘۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ ’’الطاف حسین نے ہمیں نہ اپنے ملک کا چھوڑا اورنہ قوم کا ‘‘۔
انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ ’الطاف حسین نے مہاجرقوم کو اس مقام پرلاکھڑا کیا ہے کہ آگے کنواں ہے اورپیچھے کھائی ہے، لہذا وہ قیادت کا حق کھو چکے ہیں‘‘۔
انہوں نے الطاف حسین سے مطالبہ کیا کہ اگروہ واقعی مہاجرقوم سے مخلص ہیں تواپنے درباریوں سے جان چھڑا کرپاکستان واپس آئیں اورقانون اورکارکنان کا سامنا کریں‘‘۔ انیس ایڈوکیٹ نے ایم کیو ایم کے قائد کو مخاطب کرکے کے کہا کہ’’ آپ کے گرد موجود افراد آپکی آنکھین بند ہونے کا انتظارکررہے ہیں، وہ لوگ آپ کو نوچ کر کھا جائیں گے‘‘۔
مصطفیٰ کمال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’ کچھ لوگ ہمارا تقابل حقیقی سے کررہے ہیں ، وہ یاد کریں کہ جب حقیقی آئی تھی تو 90 پر بٹھانے کے لئے کوئی شخص نہیں بچا تھا‘‘۔
اس موقع پر انیس قائم خانی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ’’وہ تمام کارکنان جو قیادت کے گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں، ان کے لئے پاکستان کی ریاست سے اپیل کرتا ہوں کہ بلوچستان اورفاٹا کے بچوں کی طرح کراچی کے بچوں کو بھی اپنا بچہ سمجھا جائے۔
انیس ایڈوکیٹ اورایم کیوایم
انیس ایڈوکیٹ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن تھے اورانہیں دسمبر 2012 میں پارٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمعطل کیا گیا تھا۔
انیس ایڈوکیٹ نے 1996 میں کراچی سے رہائش ترک کرکے لندن میں سکونت اختیار کی تھی اور تب سے 2013 تک ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی سے منسلک رہے تھے۔
مصطفی کمال کا کارواں
سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کا پارٹی کے نام کے حوالے سے کہنا ہے کہ 23 مارچ کو پارٹی کے نام، پرچم اورمنشورکا اعلان کیا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال کے قافلے میں سندھ کے سابق وزیرڈاکٹرصغیراحمد، سندھ اسمبلی کے رکن افتخارعالم اورایم کیوایم تنظیمی کمیٹی کےسابق عہدیداروسیم آفتاب اور سابق صوبائی وزیررضا ہارون بھی شامل ہوچکےہیں۔