راولپنڈی:اے این ایف کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، 6 ملزمان کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 3 کارروائیوں کے دوران 185 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی گئی جبکہ 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سپرہائی وے، جامشورو پر ٹرک کے خفیہ خانوں سے 180 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی، جبکہ دوران کارروائی شکارپور اور حیدرآباد کے رہائشی 3 ملزمان گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ لک بائی پاس کوئٹہ کے قریب ٹیکسی گاڑی میں سوار چاغی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم سے 1 کلو آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، ملزم نے برآمد کی گئی منشیات کار کی ڈگی میں چھپائی ہوئی تھی۔
حیات آباد ٹول پلازہ پشاور کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 3 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
خیبر کے رہائشی دو ملزمان منشیات باڑہ سے پشاور اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کرلئے گئے، گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔