پشاور : بیساکھیوں میں چرس چھپا کر اسمگل کرنے والا معذور شخص پکڑا گیا، اے این ایف نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی۔
منشیات کی اسمگلنگ کے اور بہت سے طریقے تو آپ نے سن رکھے ہوں گے لیکن بے ساکھیوں میں چھپا کر منشیات لے جانے کا واقعہ شاید پہلی بار سنا ہو، اے این ایف کے عملے نے کامیاب کارروائی کرکے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پشاور سے کسی بھی وقت ٹیکسلا منشیات اسمگل کی جاسکتی ہے جس پر کارروائی کا آغاز کردیا اور مسافروں کی تلاشی کے عمل شروع کردیا۔
کارروائی کے دوران ایک مسافر بس سے ایک معذور شخص کو اتارا، جو افغانستان کا رہائشی ہے، اس کی تلاشی لی گئی تو بات چیت کے دوران عملہ اس کی باتوں سے مطمئن نہ ہوا اور اس کی ہرزاویے سے تلاشی لی گئی۔
اس دوران انکشاف ہوا کہ اس نے اپنی بے ساکھیوں میں انتہائی مہارت سے منشیات چھپا رکھی ہے، بعد ازاں ان میں سے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کرلی گئی، اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کرنے والے افغان باشندے جمعہ گل کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، مزید تفتیش جاری ہے۔