راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ لاہورکے قریب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اےاین ایف عملے نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے فرار ہونے کی ناکام کوشش کی، فرار ہونے کی کوشش میں ملزمان نے اے این ایف کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف عملے نے ملزمان کو کامیابی سے روک کر گرفتار کر لیا تلاشی لینے پر گاڑی سے 1200 گرام منشیات کے 65 پیکٹ برآمد ہوئے، مجموعی طور پر گاڑی سے 78 کلو منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پکڑی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے بنتی ہے، ملزمان کا تعلق بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ سے ہے، ملزمان پشاور سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں منشیات اسمگل کرتے ہیں، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔