اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور کارروائیوں میں غیر ملکی سمیت 9 ملزمان گرفتار کرکے 1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد مالیت کی 176.315 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹر کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد مالیت کی 176.315 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران ملتان میں شجاع آباد روڈ کے قریب ملزم کے ذاتی قبضے سے 715 گرام آئس برآمد کرلی گئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
حکام کے مطابق سپر ہائی وے کراچی میں سبزی منڈی کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 106.8 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا، پبی نوشہرہ کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 43.2 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا۔
اسلام آباد میں گولڑہ موڑ کے قریب گاڑی سے 20.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، 2 ملزمان گرفتار کرلئے گئے، کالا باغ روڈ میانوالی میں روکھڑی کے قریب ایک غیر مکی سمیت 3 ملزمان سے 3.2 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ملزم سے 2 کلو چرس برآمد ہوگئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔