راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت 6 کارروائیاں کی گئیں جن میں 11 ملزمان گرفتار اور ان سے 106.530 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسلز سے 2 کلو ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزم کو گرفتار کیا گیا، راولپنڈی چکلالہ میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 130 گرام وزنی 74 ایکسٹسی گولیاں برآمد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: 43 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار
اے این ایف نے بتایا کہ شام کوٹ ٹول پلازہ خانیوال کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 60 کلو منشیات برآمد کی اور 4 ملزمان کو گرفتار کیا، کراچی سہراب گوٹھ روڈ پر جمالی پل کے قریب گاڑی سے 37.2 کلو منشیات برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا۔
اسلام آباد ایکسپریس وے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 4.8 کلو منشیات برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ساہیانوالا انٹرچینج فیصل آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو منشیات برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔