راولپنڈی: اےاین ایف نے گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اے این ایف نے پنجگور سے گوادر اور پھر تنزانیہ اور یمن کی طرف منشیات اسمگنگ کے منصوبے کو ناکام بنا دیا، گوادر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 720 کلو گرام چرس برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹرکے مطابق کارروائی کے دوران منظم گروہ اور بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف ٹیم نے انٹیلیجنس اطلاع موصول ہونے پر فوری کاروائی عمل میں لائی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جیوانی کراس، گوادر کے قریب مشکوک ہینو ٹرک اور پراڈو گاڑی کو روکا، ٹیم نے ٹرک اور پراڈو گاڑی کی تلاشی لی۔
جس کے نتیجے میں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 720 کلو گرام ایکسپورٹ کوالٹی چرس کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی جبکہ دو ملزمان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔