کراچی: شہر قائد کے کئی علاقوں میں منگل کو دو غضب ناک بھینسوں نے کھلبلی مچا دی، بپھری بھینسوں نے چار افراد کو زخمی کیا، شہریوں نے مدد کے لیے پولیس اور وائلڈ لائف اہل کاروں کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے موسیٰ کالونی کے ایک باڑے میں لائی جانے والی دو بھینسیں بپھر کر بھاگ گئیں، مالکان اور عام شہری بھی انھیں پکڑنے میں ناکام رہے، بھینسوں نے کئی علاقوں میں کہرام مچایا، ایک شہری نے بھینس کو پکڑنے کی کوشش کی تو حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔
بھینسوں نے بھاگنے کے بعد ناظم آباد، لیاقت آباد اور ایف سی ایریا میں خوب تماشا لگایا، شہری بڑی تعداد میں ان کے پیچھے بھاگتے رہے، پکڑنے میں ناکام رہے تو ریسکیو کو طلب کر لیا، پولیس اہل کاروں نے صورت حال سنبھالنے کی کوشش کی، اور بپھری بھینسوں کو قابو کرنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کیا۔
ایس ایچ او تھانہ شریف آباد عبدالخالق انصاری نے بتایا کہ یہ دونوں بھینسیں موسیٰ کالونی کے ایک باڑے پر لائی گئی تھیں، لیکن غضب ناک ہو کر بھاگ گئیں، پکڑنے کی کوشش میں بے قابو بھینسوں نے کئی افراد کو زخمی کر دیا، ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شہری نے عام بھینس سمجھ کر قریب جا کراسے پچکارنا چاہا تو اس نے حملہ کر کے شہری کو گرا دیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
ایف سی ایریا میں بھینسوں کے مالکان اور علاقہ مکینوں نے ایک بھینس کو ایک گھر کے احاطے میں پکڑ ذبح کر دیا، جب کہ دوسری وہاں سے بھاگ گئی، تاہم اسے بھی آخر کار پکڑ لیا گیا۔ اس دوران لوگ خوب تماشا دیکھتے رہے، جب کہ پولیس اہل کار بپھری بھینسوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے رہے، ایس ایچ او انصاری نے بتایا کہ چار موٹر سائیکل سوار زخمی ہوئے ہیں، جنھیں طبی امداد دی گئی۔