لندن: برطانیہ میں ایک باورچی نے مالک سے تنخواہ اور چھٹی کے معاملے پر جھگڑے کے بعد سیخ پا ہو کر ریستوران کے کچن میں لال بیگ چھوڑ دیے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ایک پب اور ریستوران میں 25 سالہ شیف کا مالک سے جھگڑا ہوا جس کی وجہ چھٹی اور تنخواہ کا معاملہ تھا۔
جھگڑے کے بعد شیف ملازمت چھوڑ کر چلا گیا، تاہم 2 دن بعد وہ رات کے اندھیرے میں چپکے سے واپس آیا اور کچن میں 20 کے قریب لال بیگ چھوڑ دیے۔
شیف کی یہ حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔
مالک کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے وقت شیف نے اس حرکت کی دھمکی بھی دی تھی تاہم اس نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔
واقعے کے بعد مالک نے پیسٹ کنٹرول کو طلب کیا جنہوں نے کچن کی مکمل صفائی کی، اس دوران ریستوران کو ایک روز کے لیے بند بھی کرنا پڑا۔
مالک کا کہنا ہے کہ ایک روز کے لیے ریستوران بند کرنے کی وجہ سے اسے 20 ہزار پاؤنڈز (62 لاکھ 54 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کا نقصان اٹھانا پڑا۔
واقعے کی پولیس کو بھی اطلاع دی گئی، پولیس کے مطابق نوجوان شیف کو 17 ماہ جیل کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ اس کا لائسنس بھی 2 سال کے لیے معطل کیا جاسکتا ہے۔