کراچی : عید الاضحیٰ کے دوران عالمی مارکیٹ میں کھالوں کی قیمتیں گرنے سے پاکستان میں قیمتیں کم ہوگئی، جس کے باعث ایکسپورٹرز کو شدید نقصان پہنچا ، ٹینرایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ رواں سال گائے کی قربانی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں کھالوں کی قیمتیں کم ہونے سے ایکسپورٹرز کو شدید نقصان ہوا، رواں سال ساڑھے5 ارب روپے کی کھالوں کا کاروبار ہوا۔
ٹینرایسوسی ایشن کے مطابق گائے کی کھال گزشتہ سال 2ہزار جبکہ رواں سال1500روپے میں فروخت ہوئی اور بکرے کی کھال کی قیمت میں 10فیصد کمی دیکھی گئی، گزشتہ سال 220 سے 250 میں فروخت کھال رواں سال 200 میں فروخت ہوئی۔
گلزار فیروز کا کہنا تھا کہ دنبے اور اونٹ کی کھال کی قیمتیں برقرار رہیں، رواں سال گائے کی قربانی میں اضافہ دیکھنے میں آیا، گزشتہ سال27 لاکھ، جبکہ رواں سال 30 لاکھ کھالیں جمع کی گئیں،گلزارفیروز
انھوں نے مزید بتایا کہ بکرے کی کھالیں گزشتہ اور رواں سال 30 لاکھ جمع ہوئیں جبکہ رواں سال اونٹ کی قربانی میں بھی اضافہ دیکھا گیا، گزشتہ سال 75ہزار اور رواں سال ایک لاکھ اونٹ کی کھالیں جمع کی گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر چمڑے کی مصنوعات کی طلب میں کمی اور چین میں بنائے گئے مصنوعی چمڑے کی مقبولیت کے باعث قربانی کے کھالوں کی قیمتیں آدھی سے بھی کم رہ گئی ہیں۔