پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے سوشل میڈیا پر وائرل شادی کی افواہوں کی تردید کردی۔
انمول بلوچ اس وقت سب سے زیادہ پسند کی جانے والی پاکستانی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں انہیں مشہور ڈراموں کی وجہ سے ناظرین کی جانب سے کافی پذیرائی ملی ہے۔
گزشتہ مہینوں سے اداکارہ کی شادی کرنے کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ انمول بلوچ کی شادی کی تقریبات کا آغازعید الفطر کے بعد جلد ہونے والا ہے۔
جبکہ گزشتہ روز ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ انمول بلوچ نے شادی کرلی ہے تاہم اب اداکارہ نے اپنی شادی سے متعلق جاری افواہوں پر بذات خود براہِ راست ردِ عمل دے دیا ہے۔
انمول بلوچ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کی خبروں پر وضاحت دی۔
اسٹوری میں لکھا کہ ‘میری شادی نہیں ہوئی ہے اور جب وقت آئے گا میں خود اس بارے میں اپنے پرستاروں اور (شوبز) انڈسٹری کے لوگوں کو بتاؤں گی’۔
ساتھ ہی اداکارہ نے وضاحت کی کہ ‘یہ افواہیں جعلی ہیں، براہِ مہربانی ہر اس چیز پر اعتبار نہ کریں جو آپ آن لائن دیکھتے ہیں، آپ کی محبت اور حمایت کی ستائش’۔