دنیا آبادی کے بڑھتے دباؤ کا شکار ہے ایسے میں ایک کثیر آبادی والے ملک نے تیسرے بچے کی پیدائش پر نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کر چکی ہے اور ماہرین مسلسل بڑھتی آبادی اور گھٹتے وسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ ایسے میں سوا ارب سے زائد آبادی والے ملک بھارت میں آبادی بڑھانے کے لیے جوڑوں کو تیسرے بچے کی پیدائش 50 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور تلگو دیشم پارٹی کے صدر چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے تناظر میں پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کالیسیٹی اپالا نے کیا ہے۔
کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے تیسرے بچے کی پیدائش پر خاتون کو 50 ہزار روپے جبکہ لڑکا ہونے کی صورت میں ایک گائے انعام میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے یہ اعلان گزشتہ دنوں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور ساتھ ہی واضح کیا کہ یہ انعام وہ اپنی تنخواہ سے دیں گے۔
اس سے قبل آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ تمام خواتین ملازمین کو بچے کی پیدائش کے وقت زچگی کی چھٹی دی جائے گی، چاہے اس سے قبل ان کے کتنے ہی بچے ہوچکے ہوں۔