چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد اکرم ساہی نے ارشد ندیم کو فیملی سمیت عمرہ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں ریکارڈ بنانے اور پاکستان کو پہلا انفرادی گولڈ میڈل جتوانے والے جیولن ہیرو ارشد ندیم کی ہر جگہ ستائش کی جا رہی ہے۔ ان کی وطن آمد پر جہاں ان کا شایان شان استقبال کیا وہیں حکومتی اور نجی سطح پر ان کے لیے انعامات کی برسات کی جا رہی ہے۔
ایسے میں چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان نے ارشد ندیم کو فیملی سمیت عمرے پر بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔
میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ارشد ندیم وطن واپس آ چکے ہیں اور ملک بھر میں ان کا شاندار استقبال اور ان کے اعزازات میں تقریبات ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے تقریبات سے فارغ ہوتے ہی انہیں ان کے خاندان سمیت عمرے کے لیے سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے نیزہ بازی مقابلے میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کرکے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ارشد ندیم نے نہ صرف اولمپک کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا بلکہ انفرادی حیثیت میں میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوایا جب کہ اس میڈل کے ساتھ ہی پاکستان کا 32 سالہ میڈل کا قحط بھی ختم ہوا۔ اس سے قبل 1992 اولمپکس میں ہاکی میں پاکستان نے آخری بار کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ 1984 کے اولمپکس میں پاکستان نے ہاکی میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔