اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے نیا دور شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام اور ورکنگ سے متعلق مشاورت کی گئی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب، شاہ محمود قریشی، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے لیے عثمان بزدار کی کوشش کی تعریف کی، وزیر اعظم نے کہا جنوبی پنجاب کو شناخت دینے کے لیے عملی اقدامات ہمارے منشور کا حصہ ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا ماضی میں جنوبی پنجاب کے مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا، اب ہم جنوبی پنجاب کو شناخت دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
حکومت جنوبی پنجاب کیلئے اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب
یاد رہے کہ یکم ستمبر کو شاہ محمود قریشی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے خبر دی تھی کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو فعال بنانے کے لیے بیوروکریسی میں اعلیٰ سطحی تعیناتیاں ہو گئی ہیں۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے 10 سیکریٹری تعینات کیے تھے، جن محکموں میں سیکریٹری تعینات کیے گئے ان میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، ایس اینڈ جی اے ڈی، داخلہ اور قانون شامل ہیں۔