گوجرانوالہ : پیزا کھانے سے 2 بچیوں کی ہلاکت کے بعد ایک اور 8 سالہ بچہ بھی دم توڑ گیا، تاہم 2 بہنیں ایک بھائی اور ماں اب بھی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں زہریلا کھانے سے متاثرہ 8سالہ حیدربھی دم توڑگیا ، جس کے بعد واقعے میں مرنے والوں کی تعداد3 ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز 9 سالہ نور فاطمہ اور 5 سالہ جنت دم توڑگئی تھیں ، انٹرنیشنل کبڈی پلیئر نوید پہلوان نے بیٹی کی سالگرہ کی تقریب کیلئے فوڈ پوائنٹ سے کھانا منگوایا تھا۔
کھانا کھانے کے کچھ گھنٹے بعد نوید پہلوان اور بچوں کی طبیعت خراب ہوگئی تھی تاہم بعد ازاں ایمن آباد پولیس نے 7 فوڈ پوائنٹس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
پنجاب فوڈاتھارٹی نے 2 فوڈ پوائنٹس کوسیل کردیا تاہم 2 بہنیں ایک بھائی اور ماں اب بھی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
مزید پڑھیں : پیزا کھانے سے 2 بہنیں جاں بحق، والدین اسپتال داخل
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے پیزا شاپ پر چھاپہ مارا ہے مزید کارروائی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ میڈیکل رپورٹ آجانے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد میاں بیوی کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ ایک بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔