اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی ایک اور آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے جس کے سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لیے ہیں۔
مولانا نے پیپلز پارٹی، ن لیگ، اے این پی، قومی وطن پارٹی کے قائدین سمیت نیشنل پارٹی، جے یو پی، جمعیت اہل حدیث کے قائدین کو بھی شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت بھی مدعو ہے۔
میاں شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اے پی سی میں شرکت کے لیے ن لیگ کا اعلیٰ سطح کا وفد تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں راجہ ظفرالحق، احسن اقبال، ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے تہلکہ خیز انکشافات
خیال رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 26 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔
واضح رہے کہ حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے تینوں پلان ناکام ہو گئے ہیں، پہلے انھوں نے اسلام آباد میں حکومت گرانے کے لیے دھرنا دیا، اس کے بعد مختلف شاہراہوں کو دھرنا دے کر روڈ بلاک کرنا شروع کر دیا جس کے باعث عوام شدید تکلیف میں مبتلا ہو گئے، اور پھر پلان سی کے تحت ملک بھر میں احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا گیا۔ لیکن اب انھوں نے ایک بار پھر اے پی سی بلا لی ہے۔