کراچی: شہر قائد میں منی لانڈرنگ میں ملوث ایک اور بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج ایف آئی اے نے کراچی میں شہید ملت روڈ پر ایک رہائشی عمارت پر چھاپا مارا جہاں منی لانڈرنگ کا ایک بڑا نیٹ ورک فعال تھا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کا کہنا تھا کہ چھاپا گرفتار ملزم عبدالجبار میمن کی نشان دہی پر مارا گیا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
کارروائی کے دوران متعدد گھروں اور گاڑیوں کے دستاویزات بھی ملے ہیں، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ 15 کروڑ مالیت کی کرنسی اور سونا برآمد ہوا ہے، ملزم کی نشان دہی پر برآمد سونے کی مالیت بھی 14 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ملزم سے ڈالر، پاؤنڈ، ریال، درہم اور دیگر ملکوں کی کرنسی برآمد ہوئی ہے، برآمد سامان میں کمپیوٹر، گاڑیوں کی رجسٹریشن بُکس اور پراپرٹی دستاویز بھی شامل ہیں۔
کراچی، حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا
جولائی میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی میں کھارادار کے علاقے میں کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو پکڑا تھا، اور دو ملزمان گرفتار کیے گئے تھے، جن کے قبضے سے 92 لاکھ روپے نقد اور 5 قیمتی موبائل فون برآمد کیے گئے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کا کہنا تھا کہ ملزمان حوالہ ہنڈی کا وسیع نیٹ ورک چلا رہے تھے، جنھوں نے مختلف ذرایع استعمال کرتے ہوئے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی شروع کیے گئے تھے۔