لاہور: شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، تھانہ کاہنہ کی حدود میں فرنیچر شو روم میں ڈکیتی کی واردات میں ڈیڑھ لاکھ لوٹ لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بالخصوص لاہور میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، لاہور کے علاقے کاہنہ میں فرنیچر شو روم میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو شو روم سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 ڈاکو شو روم میں خریداری کے لیے آنے والی فیملی کے ساتھ ہی اندر داخل ہوئے، اور لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا مجرموں کا کامیاب تعاقب
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے تاکہ صوبے سے جرائم کا گراف نیچے آئے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی ابتدائی رپورٹس وزیر اعظم آفس بھجوانے لگی ہے۔
دو دن قبلوہاڑی کے قریب تھانہ لڈن کی حدود میں ایک پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے تھے، ملزمان ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ لاہور میں بھی ڈکیتی کرنے والے گروہ کے خلاف سی آئی اے پولیس نے کام یاب کارروائی کی، لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والا 10 رکنی گروہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کی رپورٹ وزیر اعظم آفس بھجوائی گئی تھی۔