اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری مہم پر عمل کرتے ہوئے قومی اسمبلی نے ایک اور بچت کر کے قومی خزانے کو فائدہ پہنچایا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت 38 کروڑ 51 لاکھ 5 ہزار روپے کی بچت کی گئی ہے۔
بچت کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی، مالی سال 2019-20 کے دوران یہ دوسری بچت ہے، یاد رہے کہ اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے کارکردگی متاثر کیے بغیر غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے خصوصی ہدایت جاری کی گئی تھی۔
کفایت شعاری مہم: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 36 کروڑ سے زائد کی بچت
گزشتہ ماہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے 36 کروڑ 63 لاکھ 30 ہزار روپے کی بچت کرائی تھی، یہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار تھا جب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 36 کروڑ سے زائد کی بچت کی گئی۔
بتایا گیا تھا کہ اسمبلی کے مجموعی بجٹ کا 18 فی صد کفایت شعاری مہم سے بچایا گیا تھا، یہ رقم تحائف، خاطر مدارت اور سفری اخراجات کی مد میں بچائی گئی، ارکان کے اندرون و بیرون ملک دوروں میں کمی سے بھی بچت ہوئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی، ہمیں انفرادی سطح پر بہتری کی کوشش کرنی ہوگی، پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔