ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں ایک اور بچہ انتظامیہ کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا، سرجانی ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں 3 سالہ  بچہ گر کر لقمہ اجل بن گیا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے حسن بروہی گوٹھ میں ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا، بچےکی شناخت 3سال کے اسداللہ ولد محمد فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم بچے کو زندہ نہیں نکالا جاسکا۔

جب بچے کی والدہ نے اسے گھر میں نہ پایا تو تلاش شروع کی گئی جس کے بعد مین ہول میں جھانکنے پر پتا چلا کہ بچہ اس میں گرچکا ہے۔

ریسکیو حکام  نے بتایا کہ اسداللہ کی لاش کو گٹر سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متوفی بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک اس میں گرگیا، بچے کے والد نے صفائی کیلئے خاکروب کو بلایا ہوا تھا۔

بعد ازاں بچے کا والد اپنے کام پر چلا گیا، خاکروب بھی صفائی کرنے کے بعد مین ہول کھلا چھوڑ کر روانہ ہوگیا۔ خاکروب کے جانے کے بعد بچہ کھیلتے ہوئے اس میں گر کرجاں بحق ہوا، متوفی بچہ 6 بہن بھائیوں میں سے چوتھے نمبر پر تھا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں : کھلے مین ہول میں دو بچے گرگئے، ایک جاں بحق

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا تھا۔

دو بچوں کی مین ہول میں گرنے کی خبر ملنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں معصوم بچوں کو زندہ باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اس دوران ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں