کراچی: ایف آئی اے نے را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے ایک اور اہم کارروائی کر کے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم یاسین کو بھارتی ایجنسی را کے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا ہے، مذکورہ حوالہ ہنڈی کے خفیہ نیٹ ورک سے دشمن عناصر کو رقم دی جا رہی تھی، گرفتار ملزم یاسین منی ایکس چینج کمپنی کا منیجر ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم یاسین کو صدر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، اس کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد ہوئے، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے، اس سلسلے میں تمام ایئر پورٹس پر ملزمان کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔
کراچی سے بھارتی ایجنسی “را” سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار
یاد رہے دو دن قبل ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے ‘را’ سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتار کر لیا تھا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔
ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک ہوا ہے، را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکس چینج کمپنی کے 2 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے، جن میں صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر شامل ہیں۔