کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث نوجوان قیمتی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں نوجوان بجلی کے لٹکتے تار سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
لواحقین کے مطابق جاں بحق نوجوان دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا تھا، مقتول نے لٹکتے تار سے بچنے کے لیے اسے ہاتھ سے ہٹایا تھا، تار ہاتھ سے پکڑتے ہی بجلی کا جھٹکا لگا اور موت واقع ہوگئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے ، جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج
متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔
کے الیکٹر ک کی مجرمانہ غفلت سے بچے کی ہاتھوں سے محرومی پر کے الیکٹرک مینجمنٹ کیخلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ متاثرہ بچے کے والد محمد عارف نے درج کرایا تھا۔