کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ نے ایک اور بڑی واردات کر لی ہے، چوروں نے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ریگل ٹریڈ سینٹر میں 6 ملزمان گاہک بن کر مارکیٹ میں داخل ہوئے اور الیکٹرونک سامان کے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر کے فرار ہو گئے۔
ملزمان نے مزدوروں جیسا حلیہ بنا رکھا تھا، انھوں نے مارکیٹ میں گھوم پھر دکانوں اور گوداموں کا جائزہ لیا، اور بہت کم وقت میں واردات کی، ملزمان نے آسان ہدف بھانپ کر گودام سے لیپ ٹاپ چوری کیے اور فرار ہو گئے۔
یاد رہے کہ ریگل ٹریڈ سینیٹر مارکیٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پانچویں واردات ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔
تازہ ترین: کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار
کراچی کے علاقے گلبہار میں ہونے والی ایک اور واردات میں پولیس کے ہاتھوں دو ڈاکو ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو پاک کالونی میں واردات کے دوران زمین پر گرے ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز صبح پیش آئی تھی، ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکو بھائی ہیں، ملزمان کو ایک سال قبل گرفتار کیا گیا تھا، اور تینوں بھائی ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے، پولیس نے تینوں ڈکیت بھائیوں کے ساتھیوں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔