کراچی: شہر قائد کے مسائل پر اسلام آباد میں ایک اور بڑی بیٹھک ہوئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مسائل کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر اسد عمر سے خصوصی ملاقات کی ہے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم رہنما امین الحق، وفاقی وزیر علی زیدی، چئیرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل، سعید غنی اور ناصر حسین شاہ بھی شامل تھے۔
اس اجلاس میں کراچی کے معاملات پر کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، یہ کمیٹی وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پل کا کردار ادا کرے گی۔
بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں
ذرایع کے مطابق کوآرڈینیشن کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور پی ایس پی ایک پیج پر آ گئے ہیں، کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اتوار کو ہونے والی ایک اہم بیٹھک میں مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کیا تھا۔