اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے ایک اور رکن پروفیسر عمران رسول نے بھی کونسل سے علیحدگی اختیار کرلی اور کہا بھاری دل سے عہدہ چھوڑ رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقتصادی مشاورتی کونسل سے میاں عاطف کو الگ کرنے کے فیصلے پر ایک اور ممبر نے استعفیٰ دے دیا۔
عمران رسول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کونسل سے استعفے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’میں بھاری دل کے ساتھ اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کونسل چھوڑنے کے بعد بھی پاکستان کیلئے مالیاتی امور پر مشورہ دیتا رہوں گا۔
With a heavy heart, I have resigned from the EAC this morning. The circumstances in which Atif was asked to step down are ones I profoundly disagree with. Basing decisions on religious affiliation goes against my principles, or the values I am trying to teach my children. (1/5)
— Imran Rasul (@ImranRasul3) September 8, 2018
اس سے قبل حکومت نے شدید تنقید کے بعد عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عاصم خواجہ نے احتجاجاََ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔
عاصم خواجہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں نے اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے، یہ فیصلہ میرے لیے بہت تکلیف دہ اور افسردہ کن تھا۔
Have resigned from EAC. Painful, deeply sad decision. Grateful for chance to aid analytical reasoning but not when such values compromised. Personally as a Muslim I can’t justify this. May Allah forgive/guide me&us all.Ever ready to help.Pakistan Paindabadhttps://t.co/j80LHEhfRK
— Asim Ijaz Khwaja (@aikhwaja) September 7, 2018
گذشتہ روز حکومت کی جانب سے ماہر معاشیات عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، میاں عاطف نے کونسل کی رکنیت چھوڑ دی اور استعفیٰ حکومت کو بھجوادیا تھا۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا، حکومت علماء اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہے، ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔
سینیٹرفیصل جاوید نے بھی معاملے پر پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ عاطف میاں مستعفی ہونے پر رضا مند ہوگئے ہیں، ان کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے 11 افراد پر مشتمل اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دے تھی، جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین اقتصادیات اور ترقی کے ماہرین کو شامل کیا گیا تھا۔