اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دوسرا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جس میں قومی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی میں کرونا کی تشخیص ہو گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی میں کرونا کی تشخیص کے ساتھ کرونا سے متاثرہ کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز 48 کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوا تھا، کرونا میں مبتلا 6 کھلاڑیوں کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 26 نومبر کو کرائسٹ چرچ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پہلی بار کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں 6 کھلاڑیوں میں کو وِڈ 19 کی تشخیص ہوئی، پاکستان سے روانگی کے وقت قومی اسکواڈ کے تمام ارکان کے ٹیسٹ منفی آئے تھے، تاہم دبئی سے آکلینڈ کمرشل فلائٹ میں 18 گھنٹے طویل سفر کرنے کے بعد نیوزی لینڈ میں بعض کھلاڑی کو وِڈ کا شکار ہوئے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ویڈیو کیوں ڈیلیٹ کی؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، 7 ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچز خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

قومی ٹیم اس وقت کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کو پریکٹس کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے، تاہم اس دوران قومی ٹیم کے چند ارکان ہوٹل کے کوریڈور میں ایک ساتھ باتیں کرتے ہوئے سی سی ٹی وی میں دیکھے گئے، جس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے فائنل وارننگ جاری کی۔

اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بیان دیا کہ قومی ٹیم کی ایک اور غلطی دورہ نیوزی لینڈ کا خاتمہ کر سکتی ہے، دورہ نیوزی لینڈ اور پاکستان ٹیم کی ساکھ بہت اہم ہے، 14 روز کا آئسولیشن کر لیں پھر آزادی ملے گی، انھوں نے کہا نیوزی لینڈ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ ایک اور خلاف ورزی پر پوری ٹیم واپس بھیج دیں گے۔

میچز کا شیڈول

پاکستان اے اور نیوزی کے درمیان پہلا فور ڈے ٹور میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا فور ڈے ٹور میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا 20 اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 22 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں