تازہ ترین

بھارتی ٹراما سینٹر میں ایک اور مریض کی خودکشی! وزیر صحت کا نوٹس

نئی دہلی : بھارتی دارالحکومت میں واقع ایمس ٹراما سینٹر میں ایک اور مریض نے خودکشی کرلی، مریض نے بیت الخلاء میں خود کو پھانسی لگائی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ٹراما سینٹر میں ایک اور مریض کی خودکشی کا کسز سامنے آگیا۔

پھندا لگاکر خودکشی کرنے والے مریض کی شناخت راج منی پٹیل کے نام سے ہوئی ہے جس کا ٹراما سینٹر میں علاج جاری تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق مریض اچانک ایڈمیشن بلاک سے لاپتہ ہوگیا، بعدازاں ٹراما سینٹر کے بیت الخلاء میں پلاسٹک کے پائپ سے لٹکا ہوا پایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، مرنے والے نے خودکشی کی ہے یا اس کا قتل ہوا ہے! فیصلہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے شخص کی ماضی میں ایمس سے آنتوں کی سرجری ہوچکی ہے لیکن وہ گزشتہ برس 15 جولائی سے علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی کے ایمس ٹراما سینٹر میں 6 جولائی کو کرونا وبا میں مبتلا صحافی ترون سسودیا نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگاکر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پے در پے خودکشیوں کے باعث ٹراما سینٹر تنازعات کا شکار ہوچکا ہے۔

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس واقعہ کی تفتیش کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Comments

- Advertisement -