کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے بفرزون میں نگلیریا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا رواں سال اس جرثومے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
کراچی میں دماغ کے ذریعے جان لیوا حملہ کرنے والے نگلیریا وائرس نے ایک اور زندگی نگل لی۔ ضلع وسطی کے علاقے بفرزون میں ایک اور مریض انتقال کر گیا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق مریض تین دن تک بخار اور سر درد میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا ہے جب کہ مذکورہ ضلع میں گزشتہ دو ہفتے میں نگلیریا کی وجہ سے یہ تیسری موت ہے۔
کراچی میں رواں سال نگلیریا سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر خالد نیاز نے عوام سے نگلیریا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ناک میں پانی ڈالنے سے اجتناب کریں۔
وزیر صحت نے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے رابطہ کیا اور انہیں تمام اضلاع سے پانی کے نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کرانے اور شہر میں فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مقدار سے متعلق رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔