کراچی: ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے 6 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
ذرایع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے 6 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں پولیو کیسز میں ایک اور کا اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرایع نے بتایا کہ پولیو سے متاثرہ بچے کے والدین ویکسین پلانے سے انکاری تھے، بچے کے نمونے 8 مئی کو قومی ادارہ صحت بھجوائے گئے تھے جہاں سے وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ملک میں رواں برس سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے، رواں برس کے پی سے 11، پنجاب اور سندھ سے تین تین پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، پولیو کا ایک اورکیس سامنے آگیا
یاد رہے کہ 7 مئی کو لاڑکانہ میں تین سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی، تین سالہ فضا کو 10 بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور بچوں کے حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جا چکے تھے۔
اس سے قبل 21 مارچ کو کراچی کے علاقے لیاری سنگولین کی ساڑھے 3 سال کی صفیہ میں پولیو کی تصدیق ہوئی تھی، بچی نے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کی تمام خوراکیں پی رکھی تھیں۔
یہ بھی ملاحظہ کریں: کراچی: ساڑھے 3 سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق
خیال رہے اس وقت دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ایسے ہیں جہاں اب تک پولیو کا مرض مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا ہے۔