اسلام آباد : کراچی میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ، جس کے بعد ملک میں کیسز کی تعداد 70 تک جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ سامنے آ گیا، این ای او سی نے بتایا کہ پولیو سے متاثرہ بچہ کراچی ایسٹ کا رہائشی ہے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ نیشنل ریفرنس لیب نے سندھ سے پولیو کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا متاثرہ بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا۔
این ای او سی نے کہا کہ متاثرہ بچے میں21دسمبرکوپولیو کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ سال 2024میں کراچی ایسٹ سے2 پولیو کیس رپورٹ اور سندھ بھر سے 20 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان میں گزشتہ 10 برسوں میں کتنے پولیو کیس رپورٹ ہوئے؟
این ای او سی کے مطابق سال 2024 میں بلوچستان 27، کے پی 21 پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیال رہے گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیو کیخلاف جنگ میں افغانستان پاکستان سے آگے نکل گیا، جہاں کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا میں صرف افغانستان اور پاکستان میں پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں، گزشتہ سال افغانستان میں صرف 25 اور پاکستان میں 68 کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکستان میں کیسز کے تشویشناک حد تک اضافے پر وزیراعظم شہبازشریف نے نوٹس لیا ہے، اور پولیو کے خاتمے کیلئے نئی ٹیم تشکیل دی ہے، تاکہ پولیو وائرس کی روک تھام کی جاسکے۔