اسلام آباد : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا ، جس کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 13 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، ذرائع نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت نے خیبرپختونخوا سے پولیو کیس کی تصدیق کی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کیس ٹانک کی یونین کونسل اما خیل سے رپورٹ ہوا، پولیو وائرس سے متاثرہ بچی کی عمر ڈیڑھ سال ہے۔
ذرائع این آئی ایچ نے کہا کہ ملک میں رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 13 تک پہنچ گئی۔
رواں سال خیبرپختونخوا سے 7، سندھ سے 4 کیس سامنےآچکے ہیں جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سےاب تک 1،1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
یاد رہے چند ہفتے قبل پاکستان انسداد پولیو پروگرام نے ملک بھر کے 47 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔
مزید پڑھیں : ملک بھر کے 47 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق
پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مئی میں 116 ماحولیاتی نمونے پولیو کی جانچ کیلیے جمع کیے گئے تھے جن میں سے 69 میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم 34 اضلاع کے نمونوں میں وائرس پایا گیا ہے۔
سندھ کے 14 اضلاع، خیبر پختونخوا کے 8، بلوچستان کے 6 اضلاع، پنجاب کے 4 اضلاع، گلگت بلتستان کے ایک ضلع جبکہ اسلام آباد کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔