کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسلسل دوسرے روز دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ اسپنی روڈ پر بیگ سے 20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر بیگ سے 20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرلیا گیا۔ بم ڈبےمیں نصب کر کے گنجان آباد علاقے منتقل کیا جانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنادیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) بلوچستان کی پیٹرولنگ ٹیم نے 12 کلو گرام دھماکہ خیز مواد تلاش کر کے ناکارہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قریب نصب تھا۔ دھماکہ خیز مواد بڑی تباہی مچا سکتا تھا۔
اس سے 2 روز قبل ہی کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع چرچ میں خودکش دھماکہ اور فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
وزیر داخلہ بلوچستان کے مطابق زرغون روڈ پر واقع گرجا گھر پر 2 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، ایک دہشت گرد کو پولیس نے مرکزی دروازے پر ہلاک کردیا جبکہ دوسرے دہشت گرد نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔