چارسدہ: ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے اہم ترین فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ کالا باغ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، نہیں بننے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسفند یار ولی نے کہا کالا باغ ڈیم کا معاملہ متنازعہ ہے۔
سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ ہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دیں گے، اس کی بجائے بھاشا ڈیم کی تعمیر پر توجہ دی جائے، خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیا ہے۔
اسفند یار ولی خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کو ہر پانچ سال بعد انتخابات کے موقع ہی پر اسلام یاد آ جاتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بھی انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نوا ز شریف کو فون کر کے فاٹا انضمام بل رکوایا تھا، فضل الرحمان نے ن لیگ سے نفاذ شریعت کے لیے بھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر انھوں نے مجھ پر الزامات ثابت نہ کیے تو عدالت جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں 18 ویں ترمیم کا خاتمہ چاہتی ہیں۔
سپریم کورٹ: بھاشا اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر اور کالا باغ کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم
اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے کرپشن نہیں کی، اے این پی کے کسی رکن اسمبلی پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے اہم اور تاریخی فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ملک میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے گی جب کہ کالا باغ کی تعمیر کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔