کراچی: ملک بھر میں دہشت گردی میں ملوث انصار الشرعیہ گروپ سے متعلق کئی انکشافات سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اظہار الحسن اور پولیس اہل کاروں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد تنظیم انصار الشرعیہ کس طرح ؟کارروائیاں کرتی ہے اس ضمن میں کئی انکشافات سامنے آگئے۔
انصار الشرعیہ گروپ کی کارروائیوں میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس حوالے سے پیش آنے والے متعدد واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بغور جائزہ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہل کاروں اور خواجہ اظہار الحسن پر حملے کا طریقہ کار ایک ہی تھا۔
ذرائع کے مطابق حملہ کرنے کے لیے تنظیم کے کارندے الگ الگ موٹر سائیکلوں پر نکلتے تھے اور واردات کے دوران ہیلمٹ کا استعمال لازمی کرتے۔
ملزمان حملے سے قبل طے کردہ ایک مقام پر جمع ہوتے اور حملے کے بعد الگ الگ فرار ہوجاتے، ساتھ ہی ملزمان واردات کے دوران ایک تھیلا بھی اپنے ساتھ رکھتے تھے۔
ملزمان دو گروپ بنا کر نکلتے ایک گروپ کارروائی کرتا اور دوسرا گروپ اسے بیک اپ فراہم کرتا تھا۔