لاہور: پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کیے جانے والے قومی کرکٹر عمر اکمل طے شدہ سزا پر اصرار کر رہے ہیں۔
عمر اکمل کو نوٹس آف چارج 17 مارچ بروز منگل کو جاری کیا گیا اور 14 روز تک نوٹس کا تحریری جواب جمع کرانے کا وقت دیا گیا۔
آرٹیکل 6.2 کے تحت آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی کا جرم ثابت ہونے پر سزا 6 ماہ سے تاحیات پابندی مقرر ہے۔
یہ آرٹیکل کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجلنس اینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کو (بغیر کسی غیر ضروری تاخیر سے) آگاہ نہ کرنا ہے۔
عمر اکمل نے دی گئی مہلت میں اپنا جواب پی سی بی کو جمع کروا دیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل طے شدہ سزا پر اصرار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج کر دیا گیا
واضح رہے کہ عمر اکمل کو 20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔ عمراکمل کواینٹی کرپشن کوڈکےتحت معطل کیاگیا تھا اورانکوائری مکمل ہونے تک وہ کسی طرح کی کرکٹ میں حصہ نہیں لےسکتے۔
عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے تاہم معطلی کے بعد انہیں ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ متبادل کھلاڑی شامل کیا گیا۔