جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کراچی، تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، سامان ضبط، متعدد تجاوزات مسمار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: میئر کراچی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان ضبط کرلیا گیا اور تجاوزات مسمار کردی گئیں۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ویسٹ اور کورنگی میں بھاری مشینری سے تجاوزات مسمار کی گئیں، پاک کالونی میں فٹ پاتھ بنی 35 دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔

پاک کالونی میں قبضہ مافیا نے جگہ گھیر کر مکینک، ٹائر اور بیٹری کی دکانیں قائم کررکھی تھیں، باؤنڈری وال ڈال کر قبضہ کی جانے والی جگہ کو بھی واگزار کرالیا گیا، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔

- Advertisement -

ادھر غریب آباد بلوچ ہوٹل کے قریب بھی انسداد تجاوزات سیل نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کردی گئی، مشینری کے ذریعے بچت بازار کے لیے لگائے ٹینٹ کو ہٹادیا گیا۔

مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

ڈسٹرکٹ کورنگی، ملیر، سعود آباد میں بھی کارروائی کی گئی، اضافی چبوترے، چھجے اور فٹ پاتھ پر بنی دیواروں کو مسمار کردیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو تنبیہ بھی کی گئی۔

انسداد تجاوزات سیل نے علاقہ مکینوں کو باور کرایا کہ دوبارہ جگہ گھیری یا تجاوزات لگائیں تو سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی سرکلر ریلوے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے، کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق ریلوے کی 580 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے جسے واگزار کرانا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک 20 سے زائد اسٹیشنز پر مشتمل اور 43 کلو میٹر طویل ہے، جس کے اطراف 5 ہزار سے زائد مکانات تعمیر ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں