کراچی : انسداد تجاوزات آپریشن کیخلاف احسن آباد میں شہریوں نے مظاہرہ کرکے ہنگامہ آرائی کی، مظاہرین ے دو گاڑیوں اور ایک گھر کو نذر آتش کردیا، پولیس کی اضافی اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ احسن آباد میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران متاثرین آپے سے باہرہوگئے، انہوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا، دکانوں میں توڑ پھوڑ کرکے دو گاڑیوں کوآگ لگا دی۔
اس موقع پر مشتعل افراد نے ایک گھر بھی جلا ڈالا۔ پولیس کی اضافی نفری نے صورتحال کنٹرول کی بعد ازاں رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور انتظامیہ کیخلاف زبردست نعرے لگائے، مظاہرین نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہم نے قبضہ نہیں کیا یہ جگہ خریدی ہے۔
صورتحال آؤٹ آف کنٹرول ہونے پر پولیس کی اضافی اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے دو سو سے زائد ایکڑ پر لینڈ مافیا قابض ہے۔
شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے۔